آج ہم اُردو میں لالچ بُری بلا ہے کہانی فراہم کرنے جا رہے ہیں۔ یہ کہانی یاد رکھنے میں بھی آسان ہے کیونکہ اس کہانی کو آسان اور سادہ الفاظ میں لکھا گیا ہے۔
لالچ بُری بلا ہے کہانی
ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک گاؤں میں تین دوست رہتے تھے۔ یہ تینوں دوست کافی غریب تھے۔ ایک دن انھوں نے شہر میں جاکر نوکری تلاش کرنے اور ہر قسم کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔ صبح ہوتے ہی وہ شہر کے لیے روانہ ہوگئے۔
سفر کے دوران جب وہ ایک گھنے جنگل سے گزر رہے تھے، تو راستے میں انہیں سونے کے سکوں (Coins) سے بھرا ایک تھیلا ملا۔ یہ دیکھ کر ان کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی اور انہوں نے سکوں کو آپس میں برابر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن، ہر ایک کی خواہش تھی کہ تمام سکے وہ خود حاصل کر لے۔لالچ ان کے دلوں میں آ چکی تھی۔ لیکن سکے تقسیم کرنے سے پہلے انہوں نے کھانا کھانے کا فیصلہ کیا کیونکہ انہیں کافی بھوک محسوس ہو رہی تھی۔ وہ ایک درخت کے نیچے بیٹھ گئے اور ان میں سے ایک دوست کو قریبی گاؤں سے کھانا خریدنے کے لیے بھیج دیا گیا۔ راستے میں اس نے سوچا کہ کیوں نہ اپنے دو ساتھیوں کو قتل کر کے سارے سکے اپنے پاس رکھ لئے جائیں۔ لہذا، اس نے کچھ زہر خریدا اور اپنے دو دوستوں کے کھانے میں ملا دیا۔ وہ کافی خوش تھا کیوں کہ اس کے دوستوں کے مرنے کے بعد وہ سارے سکے اسے مل جانے تھے۔
باقی دو دوست جو جنگل میں ٹھہرے تھے وہ بھی بہت لالچی تھے۔ تیسرے دوست کی غیر موجودگی میں، انہوں نے اسے قتل کرنے اور سونے کے سکوں کو آپس میں برابر تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا۔ جب تیسرا دوست واپس آیا تو ان دونوں نے اس پر حملہ کردیا اور اس کو جان سے مار ڈالا۔ اس کو مارنے کے بعد انہوں نے کھانا کھانے کا فیصلہ کیا لیکن انہیں معلوم نہ تھا کہ کھانا زہر آلود ہے۔ جیسے ہی انہوں نے کھانا کھایا تو زہر کی وجہ سے وہ بھی موقع پر ہی مر گئے، اور سکے ان کی لاش کے پاس پڑے رہے۔ اس طرح تینوں خوش مزاج دوست لالچ اور خود غرضی کا شکار ہو گئے۔
نتیجہ
اس کہانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ:
1) جو دوسروں کے لیے گڑھا کھودتا ہے وہ خود اس میں گرتا ہے۔
2) لالچ بُری بلا ہے۔
مزید پڑھیے: