آج ہم اُردو میں غربت پر مضمون فراہم کرنے جا رہے ہیں۔ یہ مضمون یاد رکھنے میں بھی آسان ہے۔ اس مضمون کو آسان اور سادہ الفاظ میں لکھا گیا ہے لہذا کوئی بھی طالب علم اس موضوع پر لکھ سکتا ہے۔
غربت پر مضمون
ہم غربت (Poverty) کو ایک ایسی حالت کہتے ہیں جہاں ایک خاندان کی بنیادی ضروریات جیسے خوراک، رہائش، لباس اور تعلیم پوری نہ ہوں۔ ایک غریب شخص پیسے کی کمی کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کر پاتا اور اس وجہ سے وہ بے روزگار رہتا ہے۔ ایک بے روزگار شخص اپنے خاندان کے لیےغذائیت سے بھرپور خوراک خریدنے کے قابل نہیں ہوپاتا اور یوں ان کی صحت کا معیار بھی گر جاتا ہے۔ ایک کمزور شخص کے پاس کام کرنے کے لیے درکار توانائی کی کمی ہوتی ہے اور اس طرح بے روزگار شخص غریب ہی رہتا ہے۔ اس لئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ غربت دیگر مسائل کی بھی جڑ ہے۔
غربت کی وجوہات
پاکستان میں غربت کی بڑی وجہ بڑھتی ہوئی آبادی، کمزور زراعت، بدعنوانی، امیر اور غریب کے درمیان بڑا فرق، بے روزگاری، ناخواندگی، متعدی بیماریاں وغیرہ ہیں۔ عام طور پر خراب زراعت اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگوں کو خوراک کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی بھی غربت کی بڑی وجہ ہے۔ زیادہ آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے خوراک، پیسہ اور گھر کی ضرورت ہوتی ہے اور جب یہ بنیادی ضروریات پوری نہیں ہوتیں تو غربت جنم لیتی ہے۔ اس کے علاوہ، امیر اور غریب کے درمیان کا فرق بھی غربت کی بہت بڑی وجہ ہے۔
غربت کے اثرات
غربت غریب خاندان کی زندگی کو متاثر کرتی ہے۔ ایک غریب آدمی مناسب خوراک اور غذائیت نہیں لے پاتا اور اس کی کام کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔ کام کرنے کی صلاحیت میں کمی اس کی آمدنی کو مزید کم کر دیتی ہے جس سے وہ غریب تر ہو جاتا ہے۔ غریب خاندان کے بچوں کو کبھی بھی مناسب تعلیم اور مناسب غذائیت نہیں ملتی۔ انہیں اپنے خاندان کی کفالت کے لیے کام کرنا پڑتا ہے اور اس سے ان کا بچپن تباہ ہو جاتا ہے۔ ان میں سے کچھ چوری، قتل، ڈکیتی وغیرہ جیسے جرائم میں بھی ملوث ہو جاتے ہیں۔ ایک غریب شخص ان پڑھ رہتا ہے اور کچی آبادیوں میں غیر محفوظ حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوتا ہے۔ کچی آبادیوں میں صفائی اور پینے کے پانی کی کوئی مناسب سہولت نہیں ہوتی جس کی وجہ سے غریب انسان اکثر بیمار رہتا ہے اور اس کی صحت بگڑ جاتی ہے۔ چنانچہ تمام سماجی برائیوں کا تعلق غربت سے ہے۔
غربت کو جڑ سے ختم کرنے کا حل
اس زمین پر انسانیت کی بھلائی کے لیے غربت کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنا بہت ضروری ہے۔ کچھ چیزیں جو غربت کے مسئلے کو حل کرنے میں بڑا کردار ادا کر سکتی ہیں درج ذیل ہیں:
- کسانوں کو منافع بخش بنانے کے ساتھ ساتھ اچھی کاشت کاری کے لیے مناسب اور ضروری سہولتیں ملنی چاہئیں۔
- ناخواندہ افراد کو زندگی کی بہتری کے لیے ضروری تربیت دی جانی چاہیے۔
- غربت کے خاتمے کے لیے بڑھتی ہوئی آبادی کو روکنا ہو گا۔
- غربت کے خاتمے کے لیے بدعنوانی (Corruption) کا خاتمہ بھی بہت ضروری ہے۔
- ہر بچہ سکول جائے اور مکمل تعلیم حاصل کرے۔
- روزگار کے ایسے راستے ہونے چاہئیں جہاں ہر طبقے کے لوگ مل کر کام کر سکیں۔
نتیجہ (Conclusion)
غربت صرف کچھ لوگوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے۔ اسے فوری طور پر کچھ موثر طریقوں کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔ حکومت کی جانب سے غربت کے خاتمے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں لیکن اب تک کوئی واضح نتائج سامنے نہیں آئے۔ غربت کا خاتمہ عوام، معیشت، معاشرے اور ملک کی مسلسل بڑھتی ہوئی اور جامع ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔ غربت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہر فرد کا متحد ہونا بہت ضروری ہے۔
غربت پر دس جملے
1) غربت دنیا کا ایک اہم مسئلہ ہے۔
2) غربت خوراک اور رہائش کی کمی کا نام ہے۔
3) غریب لوگوں کے لیے اپنے روزکے کھانے کا بندوبست کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
4) غربت لوگوں کی زندگی کو غیر محفوظ بناتی ہے۔
5) غریب لوگ اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیج سکتے۔
6) بیمار پڑنے پر لوگ دوا اور ہسپتال کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔
7) لوگ ناکافی غذائیت اور علاج کی وجہ سے موت کا شکار بھی ہو جاتے ہیں۔
8) غربت طلباء کو تعلیم حاصل کرنے سے محروم کر دیتی ہے۔
9) جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح غربت کا ہی نتیجہ ہے۔
10) غربت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ آبادی میں اضافہ ہے۔
مزید پڑھیے: